Ticker

6/recent/ticker-posts

کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان پیکا جیسے کالے قانون کو رد کرتی ہے

 حیدرآباد (پ-ر ) حکومت کی طرف سے بذریعہ آرڈیننس اختلاف اور تنقید کو قتل و دہشتگردی جیسا جرم قرار دینے کے پیکا جیسے کالے قانون کو کمیونسٹ پارٹی رد کرتی ہے اور حکومت و ریاست کی ایسی سیاہ کاری کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ یہ باتیں کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے سکریٹری جنرل کامریڈ امداد قاضی نے پولٹ بیورو کی میٹنگ کے بعد میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہیں ۔ کامریڈ قاضی نے کہا کہ آرڈیننسوں کے ذریعے اداروں اور ریاست کا احترام نہیں کرایا جاسکتا ۔ اس طرح کے سیاہ قوانین کے ذریعہ بھوکے ، بیروزگار ، جبر کے ستائے لوگوں کو خاموش کرایا جاسکتا ہے نہ ہی پرنٹ ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کو قابو کیا جاسکتا ہے ۔ ان اداروں کی ذمے داری ہے کہ ملک میں ہونے والی خرابیوں کی نشاندہی کریں اور عوام کی ترجمانی کریں ۔ حکومت تیل ، گیس ، بجلی و اشیائے صرف کی قیمتیں بڑھاتی جائے ، روزگار کے ذرائع ختم کرتی جائے ، جبکہ ریاستی غیر پیداواری اخراجات بڑھاتی جائے اور اس سے ملک کو قرض میں مبتلا کرکے سامراجی مالیاتی اداروں کی غلام بناتی جائے تو وہ شدید تنقید سے کیسے بچ سکتی ہے ۔ رہا سوال غلط الزام کا تو حکومت کی طرف سے جھوٹ اور غلط بیانی کا سلسلہ ہر روز جاری ہے اور ریاست بھی شہریوں کو اغوا کر کے عدالتوں کے سامنے جھوٹ بولتی رہتی ہے کہ یہ ہمارے پاس نہیں ہیں ۔ اول تو ان کو سزا دی جائے ۔ عوام کی ترجمانی جن کا نظریاتی فریضہ ہے ان کو پیکا وغیرہ سے ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا ۔

جاری کردہ 

پولٹ بیورو 

کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان

Post a Comment

0 Comments