Ticker

6/recent/ticker-posts

کامریڈ امداد قاضی کا دورہ بہاول پور

 کیمونسٹ پارٹی آف پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل کامریڈ امداد قاضی نے کہا کہ ملک کی بقاء اور پاکستان کو شدت پسندی سے بچانے کے لیے کیمونسٹ پارٹی آف پاکستان اور ملک کی قوم پرست اور ترقی پسند جماعتوں کا  اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے،کیمونسٹ پارٹی آف پاکستان ملک میں مذدوروں، کسانوں، مظلوم قوموں اور عام عوام کو منظم کر کے اس ظالمانہ استحصالی نظام کو ختم کر کے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے استحصال سے پاک نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔وہ اپنے دورہ بہاول پور کے موقع پرسینئر ممبر انسانی حقوق جام بشیر احمد کی جانب سے منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ فکری نشست میں کیمونسٹ پارٹی حیدرآباد کے سیکرٹری کامریڈ اظہر، ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پیپلزپارٹی (شہید بھٹوگروپ) موسی سعید، مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان سرائیکی پارٹی علامہ اقبال وسیم، ڈویژنل صدر پی ایس پی محمد اکرم سومرو ایڈوکیٹ،ضلعی صدر جام یاسر ایڈوکیٹ، ڈاکٹر یاسر ارشاد، ارشاد متین ایڈوکیٹ، جام سفیر احمد، محمد اسلم عباسی، جام حفیظ احمد، فرحان بابر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ امداد قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی سیاست میں داخل ہونیوالی مافیاز اور افسر شاہی عالمی مالیاتی سامراج (آئی ایم ایف) کے دلال بن کر لوٹ رہے ہیں۔ دنیا میں امیروں پر ٹیکس عائد کرکے غریب عوام کو کھانے پینے کی اشیاء اور سفری سہولت میں مدد (سبسڈی) دی جاتی ہے۔ پاکستان کا عالم یہ ہے کہ یہاں پر ان ڈائریکٹ ٹیکس لگاکر بھیک منگوں سے بھی ٹیکس وصول کیا جاتا ہے امیروں کی عیاشی کے اخراجات پورے کرنے کیلیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف، پاکستانی حکمرانوں اور افسر شاہی کا کیسا زبردست گٹھ جوڑ ہے کہ حکمرانوں و افسر شاہی کے اخراجات کم کرنے پر تو آئی ایم ایف دباو نہیں ڈالتی لیکن زراعت ہو یا صنعت، اشیائے خوردونوش ہوں یا بجلی، گیس  پر سبسڈی دینے کے بجائے ان ڈائریکٹ ٹیکس لگایا جاتا ہے۔ جس سے معیشت تباہ حال ہوگئی ہے۔ زراعت غیر منافع بخش اور صنعت بند ہوتی جارہی ہے۔ اس کے نتیجے میں بیروزگاری اور غربت میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہاہے۔ یہ صورتحال تب تک جاری رہے گی جب تک محنت کش طبقات اور عام عوام سامراج مخالف طبقاتی جدوجہد کے ذریعے اس نظام کو بدلنے والی کمیونسٹ اور ترقی پسند پارٹیوں کا ساتھ نہیں دیتے۔ بعدازاں امداد قاضی نے پیپلز پارٹی ضلع بہاول پور کے نائب صدر قاضی مان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عصرانہ میں شرکت کرنے کے بعد موضع رنگ پور میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کی۔کسانوں کے وفد سے ملاقات میں امداد قاضی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے کسانوں کے مسائل ترجیحاً حل ہونے چاہیے کیونکہ ملکی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے جڑی ہے اس لیے گندم کی فصل کی کٹائی شروع ہے حکومت گندم کی خریداری وقت پر شروع کرئے تاکہ کپاس کی بجائی وقت پر ہو سکے اسی طرح باردانہ کے حصول کو آسان اور یقینی بنایا جائے اور گندم کے نرخ سندھ کے مساوی مقرر کیے جائیں اور ڈی اے پی سمیت دیگر کھادوں کی بلیک مارکیٹنگ کو روکا جائے۔



Post a Comment

0 Comments