آج انقلابی ہیرو فیڈل کاسترو کا یوم پیدائش ہیے
تاریخ : 13/08/2021
فیڈل کاسترو اپنے بوٹ پالش کر رہا تھا کہ ایک جوان آیا اور کاسترو کو کہا کہ اپنے بوٹ مجھے دے دیں میں پالش کرلیتا ھوں. کاسترو نے جوان کو کہا " بیٹا جاو کسی پتھر پر کیوبا کا جھنڈا رنگ دو یا درخت پر لگاو کہ تمہیں وطن پرستی کا احساس ھو جاے. اگر تم نے میرے بوٹ پالش کیے تو تم اپنے آپ میں غلامی کا اور مجھ میں حکمرانی کا زہر گھول دو گے-
اگسٹ 13، 1926ء میں کیوبا کے مشرقی صوبے میں جنم لینے والے فیڈل کاسترو نے اگرچہ 90 برس 3 ماہ 13 یوم عمر پائی مگر اس قدر طویل عمر پانے والے کامریڈ کاسترو نے 71 برس جدوجہد کرنے میں گزار دیے۔
فیدل کاسترو کو کم ازکم 638 مرتبہ قتل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بچ نکلے۔ سخت جاں کاسترو اور ان کے انقلابیوں کی انقلاب کے طفیل کیوبا آج دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں زندگی کے بنیادی وسائل کے حصول کے لئے عوام کو نہ تو گونا گوں آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور نا ہی تیسری دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح غریبوں کا استحصال ہوتا ہے۔ جہاں بجٹ خسارے سے ہمہ وقت بچ پاتا ہے، جہاں شرح خواندگی ستانوے اورننانوے کے درمیان ہے، جہاں تعلیم اورصحت مفت، جہاں ننھے منھے بچوں کی اموات کی شرح ہزار میں چھ سے کم ہے۔ جہاں بے روزگاری نام کی کوئی چیز نہیں اور شکم کی آگ بجھانے کے لئے لوگ جسم فروشی پر مجبور ہوتے ہیں اور نا ہی بھیک مانگنے کا سوچتے ہیں۔ امریکی سامراج کی بالادستی سے نبرد آزما کاسترو کہا کرتے تھے کہ جب تک انسان کا خوں چوسنے والا سامراج باقی رہے گا، اس وقت تک حریت اور آزادی کے متوالے مزاحمت کرتے رہینگے اور ہم ان کے پشت پر ہوں گے ۔
کیوبا میں ایک بڑی تبدیلی لانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر دینے والے کاسترو اگرچہ 57 سال تک حکمران رہے لیکن شاہانہ زندگی کی انجوائے منٹ سے آخری دم تک گریزاں رہے۔ ذاتی ملکیت رکھی اور نہ ہی عوام کے حقوق کے مقروض اور سرکاری خزانے کے سارق ثابت ہوئے۔ زندگی کے آخری دنوں تک امریکی پالیسیوں کے شدید ناقد رہے، دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی نام نہاد جنگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے اسی وقت کے صدر بش کی پالیسیوں کو فراڈ اور دوغلے پن سے تعبیر کیا۔فیڈل کاسترو یہ انقلابی شمع 25 نومبر 2016 ء میں بجھ گئی۔ سامراجی سازشوں کا 57 برس مقابلہ کرنے والے فیڈل کاسترو نے دنیا فانی کو خیرباد کہہ دیا۔
مرنے والے مرتے ہیں فنا ہوتے نہیں
وہ حقیقت میں کبھی ہم سے جدا ہوتے نہیں
0 Comments